شاہی طرز کے لذیذ ’ شاہی کباب‘

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کیا آپ بھی خواہش رکھتے ہیں آپ کا دسترخوان مختلف ڈشز کے ساتھ ساتھ کچھ ایسی ڈشز سے بھی سجا دکھائی دے جن کو کھانے کے بعد رشتہ دار سالہا سال آپ کے ہاتھ کے ذائقے کے گن گاتے رہیں ؟

کباب چونکہ ہر دعوت کا حصہ ہوتے ہیں لہٰذا اس عید الفطر  عام روٹین سے تھوڑا ہٹ کر چکن اور بیف کبابوں کے بجائے مٹن کے کباب کا مزہ لیں۔ اگرچہ مٹن کا انتخاب ذرا مہنگا ضرور  ہے لیکن سالہاسال تعریفیں سمیٹنے کے لیے برا نہیں اور  عید پر تھوڑی بہت شاہ خرچیاں بری بھی نہیں۔

تو آئیےجانتے ہیں کہ آپ کے دسترخوان کو شاہی طرز دینے والے شاہی کباب بنانے کے لیے کون سے اجزاء درکار  ہیں۔

اجزاء

بکرے کا گوشت بون لیس ایک کلو، دار چینی، انڈے 4عدد، درمیانی پیاز 4عدد، بڑی الائچی 4عدد، چھوٹی الائچی 3 عدد، ہری مرچ 6 عدد، ثابت سوکھی لال مرچ  12عدد، چنے کی دال 100گرام، بادام 100گرام، پستے 100گرام، ہرا دھنیا آدھاگٹھی، پودینہ آدھاگٹھی، تیل آدھاکپ، ادرک 2 درمیانہ ٹکڑا، لہسن  8 جوے، ہلدی 2چائے کے چمچ، پسا گرم مصالحہ2چائے کے چمچ، سفید زیرہ2 کھانے کے چمچ، لیموں کا رس4کھانے کے چمچ، بیسن 6کھانے کے چمچ، پانی دو سے ڈھائی کپ، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب

پہلے بکرے کے گوشت کی چھوٹی بوٹیاں کاٹ لیں، پھر ایک کڑاہی میں گوشت  چنے کی دال، دار چینی، بڑی الائچی،  چھوٹی الائچی، ادرک، لہسن،  بادام، پستے، سوکھی لال مرچ، ہلکا سا نمک اور دو سے ڈھائی کپ پانی شامل کریں اور 20سے 25 منٹ تک ڈھک کر پکائیں۔

 اس کے بعد ڈھکن ہٹا کر آنچ تیز کرکے پانی بہت اچھی طرح سے خشک کریں اور پلیٹ میں نکال کر تھوڑا سا ٹھنڈا کریں، پھر گوشت کو دال کے ساتھ چوپر میں ڈال کر اچھی طرح سے پیس لیں اور اس میں 4 عدد باریک کٹی پیاز، ہرا دھنیا،  پودینہ، اور ہری مرچ شامل کرکے 1منٹ کے لیے دوبارہ پیس لیں تاکہ سب چیزیں اچھی طرح سے مکس ہو جائیں۔

 پھر اسے ایک پیالے میں نکالیں، اب اس میں ثابت زیرہ، گرم مصالحہ پاؤڈر، چمچ ہلدی، بیسن، لیموں کا رس اور  ہلکا سا نمک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں، پھر اس کے گول گول کباب بنائیں۔

اس کے بعد انڈوں کو ایک الگ پیالی میں اچھی طرح سے پھینٹ لیں اور باقی بچا ہوا بیسن ان میں شامل کرکے مزید بھینٹ لیں۔ آخر میں کبابوں کو اس پھینٹے ہوئے بیٹر میں ڈپ کریں اور پین میں گرم تیل میں فرائی کرلیں۔ لیں جی، مزے دار شاہی کباب تیار ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں