شہریوں کو گھر بیٹھے 20 سے زائد سہولیات کی فراہمی ایک کلک کی دوری پر

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں شہری ای پے کے ذریعے گھر بیٹھے 20 سے زائد سہولیات سے مستفید ہورہے ہیں ،عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں خدمات کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرشہریوں کو 20 سے زائد خدمات کی ایک کلک پر فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، عثمان بزدار نے کہا کہ ای پے کے ذریعے 40 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس وصول کئے گئے ہیں اور 55 لاکھ سےزائدشہری ای پے کی سہولت سے مستفید ہوچکے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے سہولتیں دی جا رہی ہیں، ملتان،پنڈی، فیصل آباد،گوجرانوالہ میں ٹریفک چالان بھی اداہوسکتا ہے جبکہ پرائیویٹ اسکولز کی رجسٹریشن فیس کیلئے ای پے کے تحت سہولت دی ہے۔

انھوں نے مزید کہا محکمہ آبپاشی میں ای آبیانہ سسٹم شروع کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر ای آبیانہ کا آغاز خانیوال،لیہ،قصور ،شیخوپورہ سے کیا گیا ، پنجاب ڈیجیٹل ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کاروبار میں آسانی،نوجوانوں کیلئے روزگارفراہمی حکومت کی ترجیح ہے، سرکاری اداروں میں خدمات کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے، آٹومیشن کی وجہ سے عوام کو سرکاری محکموں کے چکر نہیں لگاناپڑتے۔