دفاعی پیداوار میں حاصل کی گئی کامیابیوں پرفخر ہے، آرمی چیف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا ( ایچ آئی ٹی)کا دورہ کیا اور مقامی طور پر تیارکردہ 155 ایم ایم آرٹلری گن بیرل، فوجی گاڑیوں کی بیلسٹک اور آئی ای ڈی پروٹیکشن کا مشاہدہ کیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو ایچ آئی ٹی کی صلاحیتوں اور جاری منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کو ایچ آئی ٹی پروڈکشن یونٹس کے لیے حالیہ بیلنسنگ، ماڈرنائزیشن اور  ری ویمپنگ اقدامات کے بارے  میں بتایا گیا،  آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی کی مختلف تنصیبات کا دورہ کیا اور ٹینکوں کے لیے تحفظاتی حل اور ریموٹ ہتھیاروں کے نظام کا مشاہدہ کیا۔

آرمی چیف نے مقامی طور پر تیارکردہ 155 ایم ایم آرٹلری گن بیرل، فوجی گاڑیوں کی بیلسٹک ، آئی ای ڈی پروٹیکشن ، ٹینکوں اور  اے پی سیز کی تیاری سمیت تحقیق و ترقی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔

 آرمی چیف نے ٹینکوں، آرٹلری گنز  اور گاڑیوں کے لیے بیلسٹک پروٹیکشن سلوشنز کی جدید ٹیکنالوجیز میں خود انحصاری کے حصول پر ایچ آئی ٹی کی کوششوں کی تعریف کی اور ایچ آئی ٹی کی مہارت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

 آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی کو ایک جدید دفاعی پیداواری صنعت میں تبدیل کرنے کے لیے چیئرمین، افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کسی بھی ملک کی پہچان ہوتی ہے، ہمیں اس مقصد کے لیے حاصل کی گئی کامیابیوں پر فخر ہے۔