مریم شاید اپنی پارٹی کے لوگوں کو بھی قابو میں کرنےکیلئے اُن کی ویڈیوز بنوا رہی ہیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا ہےکہ سابق چیف جسٹس سے متعلق آڈیو جعلی ثابت ہوئی، جو یہ کھیل کھیل رہے ہیں سب کردار ہمارے سامنے ہیں، مریم نواز شاید اپنی پارٹی کے لوگوں کو بھی قابو میں کرنےکے لیے اُن کی ویڈیوز بنوا رہی ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی جانب سے ثاقب نثار جیسی ویڈیوز نئی نہیں، ججوں پر دباؤ ڈالنے کے لیے ایسی مہمات چلائی جاتی ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت نے ایسی حرکتیں نہیں کیں جو مریم نواز کا ٹولہ کررہا ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ مریم نواز شاید اپنی پارٹی کے لوگوں کو بھی قابو میں کرنےکے لیے اُن کی ویڈیوز بنوا رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے سپریم کورٹ بار کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ججوں کے خلاف مہم سے سپریم کورٹ بار کا لا تعلقی کا فیصلہ خوش آئند ہے، سپریم کورٹ بار کی پریس ریلیز پاکستان کے آئین کے مطابق ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگلے انتخابات ای وی ایم پر ہونے چاہئیں اور ان شاءاللہ ہوں گے، جو  بھی عدالت کی جانب سے احکامات آئیں گے حکومت اس پر عمل کرےگی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین پرکمیٹی قائم کی گئی ہے جو الیکشن کمیشن سے رابطہ قائم کرے گی، الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے لیے حکومت سے جو مدد  چاہیے ہوگی ہم دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو شکر گزار ہونا چاہیے کہ نواز شریف کے بیٹے بھی اس الیکشن میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

مہنگائی کے حوالے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگلے پندرہ روز میں چینی کی قیمت کم ہوکر 85 روپے فی کلو تک آجائے گی، بدقسمتی سے کراچی میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں باقی ملک سے بہت زیادہ ہیں، ٹماٹر، پیاز اور  ادرک کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق صرف پالیسی دے سکتاہے، صوبائی حکومتوں نے اس پر عمل کرنا ہے۔