پنجاب میں اسکول کی طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اسکول کے طلبہ کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت کردی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس کا کہناتھا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلی بار پرائمری طلبہ کو ناظرہ جبکہ چھٹی سے 12 ویں تک کے طالب علموں کو ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کا ایکٹ پاس کیا ہے، اب تعلیمی اداروں میں قرآن پاک لازمی پڑھانے پر عملدرآمد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز یونیفارم میں ترمیم کریں۔ صوبائی وزیرتعلیم نے اسکولوں کو طلبا کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھاکہ پنجاب کے اسکولوں میں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، جو جلد پُر کر لی جائیں گی۔ مراد راس کا کہنا تھاکہ کورونا کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جب تک دیگر محکمے بند نہیں ہوں گے، تعلیمی ادارے بھی کھلے رہیں گے۔