انشاء اللہ 2023ء بھی تحریک انصاف کی کامیابی کا سال ہوگا، علی انوار نارو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹائمز پاکستان نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ویسٹ پنجاب انصاف یوتھ ونگ علی انوار نارو کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ 2023ء بھی تحریک انصاف کی کامیابی کا سال ہوگا۔ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ اشیاء ضروریات کی قیمتوں میں جلد کمی آئیگی اور جلد مہنگائی پر قابو پالے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے، کرونا کے بعد مہنگائی عالمی مسئلہ بن چکی ہے مگر تحریک انصاف کی حکومت اور عمران خان نے وبا کے باوجود اقتصادی کامیابیاں حاصل کیں، ترسیلات زر، برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سمیت اسٹاک ایکسچینج اور زراعت کے شعبے میں واضح بہتری آئی جو حکومت کی دانش مندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

علی انوار نارو کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح کے حوالے سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کورونا کے دو سالوں کے دوران عوام کو نہ صرف بھوک و غربت سے بچایا بلکہ ان کے گھروں کا پہیہ بھی چلتا رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی 22 کروڑ، کورونا وبا کے دوران  صرف 28 ہزار ہلاکتیں ہوئیں جبکہ اسپین کی آبادی ساڑھے تین کروڑ اور کرونا سے 28 ہزار ہلاکتیں ہوئیں، جانی نقصانات کے ساتھ عالمی معیشت پر بھی گرفت کمزور ہوگئی ہے۔