جی ٹی اے کے نئے ورژن گیمنگ کنسولز پر تہلکہ مچانے کو تیار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گرانڈ آٹو تھیفٹ دنیا کے مقبول ترین ویڈیو گیمز میں سے ایک ہے۔ اس گیم کو تقریبا ایک دہائی قبل ڈیولپر راک اسٹار گیمز نے ڈیولپ کیا تھا۔

جی ٹی اے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا بھر میں اس کی 160 ملین سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

گرچہ راک اسٹار گیمز کی جانب سے ’ریڈ ریڈیمشن 2 اور ریڈ ڈیڈ آن لائن جیسے گیمز بھی لانچ کیے گئے لیکن وہ جی ٹی اے کی مقبولیت کا ریکارڈ نہیں توڑسکے۔

جی ٹی اے کی خالق کمپنی نے خود کو اپ گریڈ کرتے ہوئے جدید گیمنگ کنسول سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے کام شروع کردیا اور اب یہ گیم ایکس باکس سیریز ایس/ایکس اور پلے اسٹیشن 5 کے لیے تیارہیں۔

لیکن سب سے اہم بات یہ ہے گرانڈ آٹو تھیفٹ کے نئے ورژن جی ٹی اے 5 اور جی ٹی اے آن لائن میں جدید گیمنگ کنسول کے لحاظ سے ویژیول اپ گریڈز شامل کی گئی ہیں۔

جی ٹی اے کے نئے ورژن میں گیمنگ کنسول کی نئی جنریشن کے لیے ایچ ڈی آڑ اور رے ٹریسنگ کے فیچرزشامل کیے گئے ہیں۔

جی ٹی اے 5 اور جی ٹی اے آن لائن کو 15 مارچ سے پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس کی سیریزایس/ایکس کے لیے جاری کردیا جائے گا۔ جب کہ ان دونوں گیمز کا ایکس باکس اور پلے اسٹیشن کے لیے ڈیجیٹل ورژن بھی اسی دن جاری کیا جائے گا۔

راک اسٹار گیمز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ان دونوں کا نیا اور پہلے سے بہتر ورژن ایکس باکس پر94 جی بی اسپیس لے گا، جب کہ پلے اسٹیشن 5 میں ان دونوں گیمز کو تقریبا 87 جی بی اسپیس درکار ہوگا۔