امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، علی انوار نارو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹائمز پاکستان نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ویسٹ پنجاب انصاف یوتھ ونگ علی انوار نارو کا کہنا تھا کہ غیر فطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے اور اس وقت بیرونی سازش اور خود مختاری پر حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے، قوم آزادی و خود مختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں۔

علی انوار نارو کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، شفاف انتخاب سے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پہلے ہی ماہ میں عوام کو مہنگائی کا تحفہ دے دیا۔ اپریل میں افراطِ زر کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، تمام اشیا پچھلے مہینے سے زیادہ مہنگی ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے پہلے ہی ماہ میں عوام کو مہنگائی کا تحفہ دے دیا، ٹماٹر، پیاز، سبزیاں، پھل، خوردنی تیل، آٹا، گوشت، دالیں سب ہی مہنگے ہوگئے۔