میرا پہلا ہدف میچ جیتنا، ویسٹ انڈین ٹیم کو آسان حریف نہیں لیں گے: بابر اعظم

ملتان (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو آسان حریف نہیں لیں گے، آہستہ آہستہ سب ٹیمیں یہاں آئیں گی، میرا پہلا ہدف یہی ہوتا ہے کہ میچ جیتنا ہے۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سمیت دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں، کل ہم نے پریکٹس کی، ہمیں اتنی گرمی نہیں لگی، اچھی بات یہ ہے کہ ہوا بھی چل رہی ہے، وکٹ پر تھوڑا گھاس ضرور ہے، کل دوبارہ پچ کو چیک کریں گے پھر بیٹنگ یا باؤلنگ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم جو بھی میچ کھیلیں کوشش ہوتی ہے اپنا سو فیصد دیں، کوشش کریں گے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں، ویسٹ انڈین ٹیم اور مہمان کپتان بھی ایک خطرناک کھلاڑی ہے، ہم ایک ماہ سے تیاری کر رہے ہیں، بطور ٹیم اگر اچھا پرفارم کریں تو نتائج اچھے ملتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا پہلا ہدف یہی ہوتا ہے کہ میچ جیتنا ہے، ملتان میں لوگوں نے بہت سپورٹ کیا تھا، لوگوں کو کہوں گا میچ دیکھنے آئیں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔