واٹس ایپ گروپ میں اب 500 سے زائد افراد کو شامل کیا جاسکے گا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) میٹا کی زیر ملکیت مقبول ترین میسنجر ایپ ’واٹس ایپ‘ نے مئی 2022 میں ری ایکشنز فیچر متعارف کرانے کے ساتھ گروپ چیٹ اراکین کی تعداد میں دگنا اضافہ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

اب واٹس ایپ میں یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ واٹس ایپ صارفین اب کسی گروپ میں 256 کی بجائے 512 افراد کو شامل کرسکتے ہیں۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ڈیسک ٹاپ ورژن میں ان تمام صارفین کو دستیاب ہے جن کا واٹس ایپ اپ ٹو ڈیٹ ہے۔

اگر آپ دیکھنا چاہتے ہیں کہ یہ فیچر دستیاب ہے یا نہیں تو ایپ اوپن کرکے تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں۔ اس مینیو میں create گروپ کے آپشن پر کلک کریں اور اپنے کانٹیکٹس میں سے ایک یا 2 کے ناموں کا انتخاب کریں۔

ایسا کرنے پر اوپر نیو گروپ کی ہیڈنگ کے نیچے لکھا آئے گا کہ 512 میں سے کتنے اراکین کو آپ سلیکٹ کرچکے ہیں۔ ویسے تو ٹیلیگرام کے ایک گروپ میں 2 لاکھ افراد کو شامل کیا جاسکتا ہے مگر واٹس ایپ میں طویل عرصے سے ایک گروپ کی حد 256 اراکین تھی۔

تو یہ نیا اضافہ یقیناً مقبول گروپس کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔ مئی میں واٹس ایپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم سے صارفین کی جانب سے جو مطالبات سب سے زیادہ کیے جاتے ہیں ان میں گروپ چیٹ میں اراکین کی تعداد میں اضافہ بھی شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اب ہم ایک گروپ میں 512 افراد کی شمولیت کے آپشن کا اضافہ کررہے ہیں۔ گروپ اراکین کی تعداد میں اضافہ اس وقت ہوا ہے جب حال ہی میں واٹس ایپ نے میسنجر میں بھیجی جانے والی فائل کا حجم بھی10 ایم بی سے بڑھا کر 2 جی بی کر دیا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ فائلز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گی اور اس سے کاروباری اداروں اور اسکول گروپس کو مدد مل سکے گی۔