رسول پاک ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے، سکھوں کا اعلان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکا میں قائم سکھوں کی تنظیم سکھ فار جسٹس نے رسول پاکﷺ کی شان میں گستاخی پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے 17 جون کو دنیا بھر میں بھارتی سفارت خانوں کے گھیراؤ کا اعلان کردیا ہے۔ سکھوں کی تنظیم نے دنیا بھر میں مقیم مسلمانوں سے بھی سکھوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔

سکھ فار جسٹس نے کہا کہ ہم سکھ ہیں مگر رسول پاک ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے، 17 جون کو مسلمان بھائی جمعے کی نماز کے بعد بھارتی سفارت خانوں کے باہر جمع ہوں، اور مسلمان سکھ کمیونٹی کے ساتھ مل کر بھارتی سفارت خانوں کا گھیراؤ کریں۔

تنظیم کے تحت قطر، عمان، کویت، مصر، ملائیشیا میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے مظاہرے ہوں گے، متحدہ عرب امارات، لبنان، لیبیا، انڈونیشیا، آسٹریلیا میں سکھ برادری مظاہرے کرے گی، برطانیہ، یورپی یونین، امریکا، کینیڈا میں بھی بھارتی سفارت خانوں کا گھیراؤ کیا جائے گا۔