بجلی کی قیمت میں تقریباً 8 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کردی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی ہے جو مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائرکی گئی ہے۔

نیپرا  کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست  پر سماعت 27 جون کو ہوگی جب کہ درخواست میں مؤقف اختیار  کیا گیا ہےکہ مئی میں فرنس آئل سے 8.80 فیصد بجلی پیدا کی گئی اور فرنس آئل سے 33 روپے 67 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔

درخواست  میں کہا گیا  ہےکہ مقامی گیس سے 10 فیصد، درآمدی ایل این جی سے22.89 فیصد اور پانی سے 24.50 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

مئی کے لیے ریفرنس لاگت 5 روپے93 پیسےفی یونٹ مقررتھی مگر سی پی پی اے کی جانب سے درخواست7 روپے 96 پیسے فی یونٹ کی دی  گئی ہے۔