’مجھے قتل کیا گیا تو رانا ثنا ذمہ دار ہوں گے‘

فیصل آباد (نیوز ڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ مجھے قتل کیا گیا تو وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ذمہ دار ہوں گے۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے سیکیورٹی خدشات پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ مجھے قتل کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے مسلسل فون کرکے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورثا میرے قتل کا بدلہ خود لیں گے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس مجھے قتل کی دھمکیاں دیے جانے کا نوٹس لیں، لاہور ہائیکورٹ میں اپنی سیکیورٹی بحالی کے لیے اپیل دائر کی ہے۔

گزشتہ ماہ حامد رضا نے چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدار کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے یہ ذمہ داری دی، قرآن بورڈ کیلئے بہترین خدمات دیں اب استعفیٰ دینا مناسب سمجھتا ہوں۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ غیر آئینی وزیراعلیٰ کے ماتحت کام کرنا میرے ضمیر کیخلاف ہے قاتلوں اور ڈاکوؤں کی حکومت کا حصہ نہیں رہ سکتا۔

خیال رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کو جولائی 2020 میں قرآن بورڈ کا چیئر مین مقرر کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں