نیب ترامیم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، عمران خان کا دوٹوک اعلان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا نیب ترامیم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا ، جس میں نیب ترامیم کے ذریعے این آر او کی حکومتی کوششیں زیر بحث آئیں۔

اجلاس میں عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم پرسخت رد عمل دیتے ہوئے کہا جانتا تھا یہ اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو بچائیں گے، ریفارمز کے نام پر اپنے کیسز بند کرنے کی کوشش کی گئی۔

اجلاس میں خرم دستگیر کے حالیہ بیان کا بھی جائزہ لیا گیا ، اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خرم دستگیر کا بیان ثبوت ہے کہ یہ این آراوکیلئے حکومت میں آئے ، مہنگائی اور عوامی مسائل امپورٹڈ حکومت کی ترجیح نہیں۔

اجلاس میں خواجہ آصف کے صدر مملکت سے متعلق بیان بھی بحث کی گئی ، ذرائع نے بتایا اجلاس میں خواجہ آصف کا بیان شرمناک اور حلف سے انحراف قرار دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ این آر او نے ملک کو معاشی، اخلاقی طور پر نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، نیب ترامیم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں