کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ نے نالہ لئی پر صفائی کا جائزہ لیا

راولپنڈی (عامر لودھی) مون سون بارشوں کے پیش نظر کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر نالہ لئی کے کناروں پر جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کرنے کیلئے ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ نے گزشتہ روز شہر میں مختلف مقامات پر نالہ لئی کے کناروں پر صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گوالمنڈی، پیر ودھائی، کٹاریاں، گنجمنڈی کا دورہ کیا۔

بعد ازاں ایم ڈی نے جنرل بس سٹینڈ پیر ودھائی میں بھی جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا،اس موقع پر آپریشن سٹاف نے ایم ڈی کو تفصیلی بریفنگ دی،ایم ڈی نے صفائی کیلئے کاوشوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی،بعد ازاں ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ نے شہر کا دورہ کر کے مختلف یونین کونسلز میں صفائی کا معائنہ کیا۔

انہوں نے اپنے آپریشن سٹاف اور سینیٹری ورکرز سے کہا کہ بھرپور محنت، لگن اور قومی جذبے کیساتھ شہر کو صاف کریں۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ صفائی کا عمل بھرپور تعاون کا تقاضا کرتا ہے۔ شہری کوڑا کرکٹ کھلے عام نہ پھینکیں۔ میرا کوڑا میری ذمہ داری کا سلوگن اپناتے ہوئے کوڑا کرکٹ کوڑا دان تک پہنچائیں۔ صفائی ستھرائی کا خاص اہتمام کریں۔

اویس منظور تارڑنے کہا کہ ہم نے شہر کی صفائی کے زریعے شہریوں کو بیماریوں سے بچانے کا عزم کر رکھا ہے۔ تمام تر وسائل بروئے کا رلا کر شہرکی صفائی کی کاوشیں جاری ہیں۔ شہریوں کا تعاون اور عزم قابل تعریف ہے۔ امید ہے ہم شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور بیماریوں سے پاک راولپنڈی دینے میں کامیاب ہونگے، شہری بھی اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں۔ صفائی ستھرائی کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں۔ بیماریوں سے بچاؤ اور ان کا پھیلاؤ روکنے میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کی کاوشوں میں معاون بنیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹرول روم کے زریعے ورکرز کی کڑی نگرانی مزید سخت کی جائے۔ غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف فوری ایکشن لیا جائیگا۔ آئیں ہم سب ملکر راولپنڈی کو صاف ستھرا کرنے کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ ہم صفائی کیلئے کوشاں ہیں۔ آپ بھی ان کاوشوں میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔ اپنے شہر کو گندگی اوربیماریوں سے پاک کرنے کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے بھرپور تعاون کریں۔ صفائی کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ شہری ہماری ہیلپ لائن نمبر 1139 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے زریعے صفائی کی صورتحال سے متعلق آگاہ کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں