تمام افواہیں دم توڑ گئیں، شعیب ملک اور ثانیہ نئے شو کی میزبانی کریں گے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ایک ٹی وی ٹاک شو کی مل کر میزبانی کریں گے۔ ٹاک شو کا نام “دی مرزا ملک شو” رکھا گیا ہے اور یہ پاکستانی آن لائن پلیٹ فارم “اردو فلکس آفیشل” پر نشر ہوگا۔

کھیلوں سے جڑے اس معروف جوڑے کے ایک ساتھ شو کرنے کے اعلان کے ساتھ دونوں کے درمیان طلاق کی افواہیں بھی دم توڑ گئیں۔ چینل کی طرف سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں دونوں میاں بیوی کے شو کا پوسٹر موجود ہے۔

پوسٹ میں لکھا ہے کہ “دی مرزا ملک شو” بہت جلد صرف اردو فلکس کے ناظرین دیکھ سکیں گے۔ پوسٹ شیئر ہوتے ہی دونوں کھلاڑیوں کے مداحوں کی طرف سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اس مقبول جوڑے کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے اور ان کی علیحدگی ہوچکی ہے۔

جب کہ ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ “انسٹاگرام” پر اپنے بیٹے کے ساتھ تصویر پوسٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ “بیٹے کے ساتھ گزرے یہ وہ لمحات ہیں جو مشکل ترین دنوں میں میرا ساتھ دیتے ہیں”۔

اپنا تبصرہ بھیجیں