ملک میں ہونے والی مہنگائی کا احساس ہے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جن حالات سے پاکستان گزرا، شکر ادا کرنا چاہیے کہ پاکستان بچ گیا۔ بہاول پورمیں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہاولپور کے شیروں کو سلام پیش کرتی ہوں، نواز شریف نے لندن سے آپ کیلئے سلام بھیجا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین سمجھتے تھے کہ ن لیگ دب گئی ہے، اب ہماری پارٹی کی باری ہے، نواز شریف نے کہا کہ تنظیم کا آغاز بہاولپور سے ہو گا، مسلم لیگ ن کے نوجوانوں کے ونگ کو اور مضبوط کریں گے، ہم نہ تو کبھی کمزور ہوئے اور نہ ہی دبے ہیں، برے وقت میں جس طرح عوام نے نواز شریف کا ساتھ دیا میں سلام پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، ملک میں ہونے والی مہنگائی کا احساس ہے، عمران خان نے 4 سال میں ملک کو تباہ کر دیا، انہوں نے 12سال اقتدار میں رہنے کا پلان بنایا ہوا تھا، عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا، جب میرے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا تب بھی عوام میری طاقت تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے، 5 لوگوں کا ٹولہ مل کر ملک کو لوٹ رہا تھا، اگر 5 کا ٹولہ بیٹھا رہتا تو سوچیں ملک کا کیا حال ہوتا؟ میرے عہدوں کی بات ہوتی ہے میں عہدوں کی محتاج نہیں، جب ن لیگ آئی ایم ایف پروگرام میں گئی تو پیٹرول مہنگا نہیں کیا تھا، نواز شریف کے دور میں روٹی 2 روپے اور چینی 50 روپے کلو بکتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا، پھر کون تھا جو نے آئی ایم ایف پروگرام کو واپس لایا؟ نواز شریف دور کے 9 سال نکال دیں تو باقی کھنڈرات بچتے ہیں، جب 4 سال وزیراعظم رہا، سیکیورٹی پر پارلیمان کی 8 میٹنگز ہوئیں ایک میں بھی نہیں گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں حکومت تمہاری اور الزام شہبا زشریف پر؟ آج بھی جب فرانزک لیب کی ضرورت پڑتی ہے تو نواز شریف کی بنائی لیب میں آتے ہیں، اقتدار سے نکالنے کا الزام امریکا پر لگایا اور اب امریکا سے معافی مانگ لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں